ڈیلی اردو میڈیا: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام سیلولر موبائل آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صارفین کو اپنی فعال ویلیو ایڈڈ سروسز (وی اے ایس) کی معلومات تک آسان اور فوری رسائی فراہم کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو ان کے موبائل اکاؤنٹس پر مکمل آگاہی دینا، شفافیت کو فروغ دینا اور غیر ضروری کٹوتیوں سے بچانا ہے تاکہ صارفین اپنی فعال سروسز کا بروقت جائزہ لے سکیں اور غیر ضروری سروسز کو آسانی سے بند کر سکیں۔
اتھارٹی کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے مختلف موبائل نیٹ ورکس کے لیے یو ایس ایس ڈی کوڈز بھی جاری کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اپنی فعال ویلیو ایڈڈ سروسز کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں بند بھی کر سکتے ہیں۔
جاری کردہ کوڈز کے مطابق جاز اور زونگ صارفین #6611*، ٹیلی نار صارفین #4444* جبکہ یوفون صارفین #6869* ڈائل کر کے اپنی سروسز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صارفین کے حقوق کے تحفظ، ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کے فروغ اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ادارہ صارف دوست پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ نفاذ کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





