ڈیلی اردو میڈیا: راولپنڈی پولیس کی مؤثر تفتیش، مضبوط شواہد اور مقدمے کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات فروشی میں ملوث مجرم کو قرار واقعی سزا سنا دی۔ عدالت نے مجرم سہیل کو 9 سال قید بامشقت اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ رتہ امرال پولیس نے اپریل 2025 میں ایک کارروائی کے دوران ملزم سہیل کو گرفتار کیا تھا۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے 1 کلو 550 گرام چرس برآمد ہوئی تھی، جس پر اس کے خلاف انسدادِ منشیات قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے ٹھوس شواہد عدالت میں پیش کیے جبکہ تفتیشی اور لیگل ٹیموں نے مقدمے کی بھرپور پیروی کی۔ عدالت نے تمام شواہد اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
مجرم کو سزا ملنے پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن، تفتیشی افسران اور لیگل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش عناصر معاشرے کے لیے زہر قاتل ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔





