ریسکیو 1122 راولپنڈی کی فروری 2026 میں پیش آنے والے حادثات و ایمرجنسی واقعات کی رپورٹ جاری

راولپنڈی:(راجہ محسن علی) ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 راولپنڈی نے ماہ فروری 2026 کے دوران پیش آنے والے حادثات و ایمرجنسی واقعات کے اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں۔ میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو راولپنڈی کے مطابق فروری کے مہینے میں ہیلپ لائن پر مجموعی طور پر 5,666 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جن پر بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔

جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 5,666 حادثات اور ہنگامی واقعات میں 1,186 روڈ ٹریفک حادثات، 141 آگ لگنے کے واقعات، 111 جرائم کے واقعات، 7 گیس/سلینڈر لیکج، 262 اونچائی سے گرنے اور 547 مختلف نوعیت کے دیگر واقعات شامل ہیں۔ اسی دوران 3,409 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 5,405 متاثرین کو بروقت ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔

روڈ ٹریفک حادثات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 1,186 حادثات میں مجموعی طور پر 1,356 افراد متاثر ہوئے جن میں 20 افراد جاں بحق، 601 شدید زخمی اور 735 معمولی زخمی ہوئے۔ متاثرین میں 1,140 مرد اور 216 خواتین شامل ہیں جبکہ زیادہ تر متاثرہ افراد کی عمریں 11 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، دوران ڈرائیونگ لاپرواہی، غلط موڑ کاٹنا، ٹائر پھٹنا اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے اوسط ریسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے تمام حادثات پر بروقت امدادی کارروائیاں کیں۔

آگ لگنے کے 141 واقعات میں 14 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت سے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور تقریباً 276 ملین روپے مالیت کی املاک کو ممکنہ نقصان سے بچایا۔ آگ لگنے کی وجوہات میں شارٹ سرکٹ، سگریٹ نوشی میں لاپرواہی، گیس لیکج اور دیگر عوامل شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے عوام الناس کو روڈ سیفٹی اور فائر سیفٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ ریسکیو 1122 ہر وقت ایک کال پر شہریوں کی خدمت کے لیے تیار ہے اور عوام کا اعتماد ادارے کا قیمتی سرمایہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں