صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط

اسلام آباد (مقصود احمد) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط میں صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہاہے. صدر مملکت نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے صدر کو خط بھی نگران وزیر اعظم کو ارسال کیا.خط میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بےحد اہم ہے .آئندہ انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں، پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے ، صدر مملکت کا کہنا ہے کہ عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے ، آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے،صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے ، ریاست کے سربراہ کے طور پر جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں اور آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں ،اسی وجہ سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے الزامات پر مشتمل خط آپ کو ارسال کررہا ہوں.سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی ، صدر مملکت نے خط میں کہا ہے کہ عوام کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں بدل جانے پر ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں ، خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی یا عدالت کی جانب سے ریلیف کے بعد بار بار دوبارہ گرفتاریاں معاملے کو مزید حساس بنا دیتی ہیں.خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے ، آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہےاور آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادی اظہارِ رائے کے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے ، نگران وزیر اعظم ، حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ، ان معاملات پر غور کریں.

اپنا تبصرہ بھیجیں