صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایڈم ملاورمن ٹوگیو کی ملاقات

اسلام آباد ( آکاش احمد) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایڈم ملاورمن ٹوگیو کی ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے انڈونیشیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،دونوں ممالک مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں اور مختلف امور پر یکسانیت کے حامل ہیں۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانا پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا اہم عنصر ہے اور پاکستان تجارت، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے باہمی سیاسی اور ثقافتی تبادلوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔انڈونیشین سفیر ن ایڈم ملاورمن ٹوگیونے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کو دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو متنوع بنانا چاہیے۔دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں کھولنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جو دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائے گی۔ایڈم ملاور من نے مزید کہا کہ پاکستانی طلباء انڈونیشیا میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ترقی کی رفتار برقرار رہے گی۔صدر مملکت نے سفیر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں