یورپ میں شدید گرمی سے ہزاروں اموات، ڈبلیو ایچ او نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

**ڈیلی اردو میڈیا:** یورپ کے مختلف ممالک اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں ہیٹ ویو کے باعث اموات میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسپین میں صرف جون کے مہینے کے دوران شدید گرمی کے باعث ایک ہزار 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ فرانس میں بھی تقریباً ایک ہزار افراد ہیٹ ویو سے متاثر ہو کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

موسمیاتی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسپین، جرمنی، اٹلی، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ میں آئندہ ہفتے ایک اور طاقتور ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے، جبکہ پرتگال میں شدید گرمی کے پیش نظر ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا کے مختلف علاقوں میں بھی خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ موجودہ ہیٹ ویو مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والی مزید شدید گرمی کی ایک جھلک ہے۔ ادارے نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر اور وسیع بنائیں۔

ڈبلیو ایچ او نے یورپ میں گرمی کی غیر معمولی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے 6 جولائی کو ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں