اٹک (ویب ڈیسک ) محرم الحرام کے دوران ضلع اٹک میں کیے گئے مثالی انتظامات پر مختلف سماجی، سیاسی اور مذہبی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اٹک انیل سعید، اسسٹنٹ کمشنر اٹک عارف قریشی، ضلع پولیس، پاک آرمی، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین منصوبہ بندی، مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کے باعث جلوسوں اور مجالس کے تمام مراحل پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔

محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے جبکہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر موجودگی کو یقینی بنایا گیا۔ پاک آرمی اور رینجرز نے بھی حساس مقامات پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید کی ہدایات کی روشنی میں میونسپل کمیٹی اٹک نے صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے۔

جلوسوں اور مجالس کے راستوں کی مسلسل صفائی کو یقینی بنایا گیا جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تعینات عملہ ہمہ وقت صفائی کی سرگرمیوں میں مصروف رہا اور بہترین ماحول برقرار رکھا۔شدید گرمی کے پیش نظر عزاداروں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر پانی کی سبیلیں قائم کی گئیں جبکہ گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے واٹر گنز کا بھی مؤثر استعمال کیا گیا، جس پر شہریوں اور عزاداروں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

محرم الحرام کے دوران تمام اعلیٰ ضلعی انتظامی افسران، پولیس حکام اور متعلقہ اداروں کے افسران مسلسل جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کرتے رہے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر برقرار رہے۔مختلف سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک آرمی، رینجرز، ریسکیو اداروں، بلدیاتی عملے اور دیگر متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون، مربوط حکمت عملی اور انتھک محنت کے باعث ضلع اٹک میں محرم الحرام کے انتظامات مثالی رہے، جس پر تمام متعلقہ ادارے مبارکباد اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔





