راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلہ،تین ڈاکو ہلاک،ایک اہلکار شہید،دو زخمی

راولپنڈی ( عرفان مغل) ترجمان پولیس کے مطابق دھمیال کے علاقے میں شہری سے قیمتی آئی فون اور دیگر اشیاء چھینے جانے کی اطلاع پر پولیس ٹیم فون کو ٹریک کرتے ہوئے تھانہ روات کے علاقے میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 میں واقع ایک پلازے تک پہنچی۔۔ ملزمان کی پلازے میں موجودگی پر ایس ایچ او تھانہ روات اور پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپہ مارا گیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو زخمی ہوئے جن میں ایک موقع پر اور دیگر دو زخمی ڈاکو فرار ہوتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔ مبینہ پولیس مقابلے میں فرض کی ادائیگی کے دوران ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کے کانسٹیبل عدیل ظفر نے جام شہادت نوش کیا۔

کانسٹیبل عدیل ظفر شہید

عدیل ظفر شہید تھانہ دھمیال میں تعینات تھے۔فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل شہزاد عادل اور کانسٹیبل عاشر بھی شدید زخمی ہوئے۔ شہید و زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ، اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر نبیل کھوکھر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئےاور سرچ آپریشن کیا۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی اور سی پی او سید خالد ہمدانی نے ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا،اس دوران ایس ایس پی آپریشنز فیصل سلیم اور ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے،افسران نے زخمی کانسٹیبلز کی عیادت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آر پی او راولپنڈی نے متعلقہ افسران کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کو یقینی بنانے کی ہدایت، انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل عدیل ظفر شہید اور کانسٹیبل عاشر اور عادل نے ہمت و بہادری سے لڑتے ہوئے ڈاکؤوں کا مقابلہ کیا۔آر پی او سید خرم علی کا کہنا تھا کہ شہداء اور غازی ہمارے محسن اور ہمارا فخر ہیں .سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عدیل ظفر نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی،راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں