ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر صدارت اجلاس،کارکردگی بہتر بنانے کے لیے افسران کو 2 روز کی مہلت دے دی۔

لاہور ( ایم خان) ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں جرائم کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں تمام ڈویژنل ایس پیز، سرکل ڈی ایس پیز اور SSOIU انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں زیر التواء مقدمات کے بارے میں تمام ڈویژنز کی پراگرس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور کارکردگی بہتر نہ بنانے والے افسران کو وضاحتی لیٹر جاری کر دیے گئے جبکہ انچارجز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹیگیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے ہدایت کی کہ ڈویژنل اور سرکل افسران سنگین نوعیت کے مقدمات کی فوری یکسوئی یقینی بنائیں۔اجلاس میں خواتین سے متعلق پینڈنگ مقدمات کی تفتیش بارے SSOIU افسران سے پوچھ گچھ ہوئی۔ایس ایس پی انویسٹیگیشن نے ہدایت کی کہ خواتین سے زیادتی، اغواء اور ہراسگی کے مقدمات میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور منشیات سے متعلق مقدمات کی بھی فوری یکسوئی یقینی بنائیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے افسران کو 2 روز کی مہلت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کی روشنی میں موثر تفتیش سے ہی ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکتی ہیں۔افسران تکمیل چالان اور کیسز کی فوری یکسوئی کے لیے پراسیکیوٹرز سے کوارڈینیشن کریں۔ڈاکٹر انوش مسعود نے مزید کہا کہ مقدمات میں ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دلوائی جائیں گی اور خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں،ایس ایس پی انویسٹیگیشن کا کہنا تھا کہ میرٹ پر سمجھوتا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،افسران شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھیں۔ شہریوں کو بروقت میرٹ پر انصاف کی فراہمی ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں