بجلی کی اووربلنگ، عوام کو 40 ارب 80 کروڑ روپے کا ٹیکہ۔

اسلام آباد (ایم احمد) وفاقی وزیر داخلہ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے 48137 میٹرز کو چیک کیا گیا۔ چھاپوں کے دوران 827 کنکشنز میں اووربلنگ کا انکشاف ہوا۔ چھاپوں کے نتیجے میں ملوث عناصر کے خلاف 80 انکوائریاں اور 32 مقدمات درج کئے گئے۔گھروں، سرکاری دفاتر میں اوور بلنگ کی مد میں اربوں روپے بجلی کے بلوں میں وصول کئے۔ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران ملک بھر میں 1 ارب 10 کروڑ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔اووربلنگ سے عوام اور دیگر سرکاری اداروں کو 40 ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ایف آئی اے لاہور زون نے 163 کنکشنز میں 92 کروڑ 70 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ پکڑی جس میں مجموعی طور پر 34 ارب 29 کروڑ سے زائد بلوں کی مد میں وصول کئے گئے۔ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے 3708 میٹرز چیک کئے جس میں 135 کنکشنز میں 3 کروڑ 52 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔ایف آئی اے فیصل آباد زون نے 832 میٹرز چیک کئے جس میں 44 کنکشنز میں 13 کروڑ 91 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔ایف آئی اے ملتان زون نے 39 کنکشنز میں 3 لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ پکڑی۔ایف آئی اے پشاور زون نے ابتک 403 کنکشنز میں 90 لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ پکڑی۔ایف آئی اے کوہاٹ زون نے 26 کنکشنز میں 3 لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ کی نشاندہی کی۔ایف آئی اے حیدرآباد زون نے ابتک 14 کنکشنز میں 1لاکھ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ پکڑی۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے اوور بلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دیں۔ڈی جی ایف آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ انکوائریوں کو جلد مکمل کر کے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اووربلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو مالی نقصان پہنچانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں